9 مئی کے واقعات کے حوالے سے دو آراء کی وجہ سے اصل حقائق کو گردآلود بنانے میں کن عوامل کا ہاتھ ہے اور اس کو شفافیت کے عد سے گزار کر نتھری ہوئی شکل کیسے اور کب دی جا سکے گی اس بارے میں وثوق سے فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا، بدقسمتی سے اس دوران نہ صرف امریکہ بلکہ برطانیہ میں بھی احتجاجی واقعات ہوئے مگر دونوں ملکوں میں ان واقعات میں ملوث سینکڑوں افراد کو بلا تفریق گرفتار کر کے قومی مفادات کے عین مطابق سزائیں دینے میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں کی گئی جبکہ ہمارے ہاں اتنا عرصہ گزرنے کے باوجود نہ تو ملوث تمام افراد ابھی تک گرفتار کئے جا سکے نہ ہی انہیں قانون اور آئین کے مطابق سزائیں دلوانے میں کامیابی مل سکی، اس حوالے سے عدلیہ میں موجود بعض مبینہ ” سہولت کاروں ” نے جو کردار نبھایا ہے اس کے حوالے سے ان پر ایک سابق جنرل کے دباؤ کا تذکرہ بھی اب کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے اور اس کے ” نیٹ ورک”کے تذکرے بھی اب تک چل رہے ہیں جبکہ یہ دعوے بھی کئے جاتے ہیں کہ اسی جنرل کے مبینہ منصوبے کے تحت اعلیٰ عدلیہ میں ایک مخصوص ” گروہ ” کو بطور جج تعینات کر کے ایک مخصوص جماعت کی سہولت کاری کا کام سونپا گیا اور اب اسی مسلط ” انصافیوں ” نے اپنے فیصلوں سے9 مئی کے واقعات میں ملوث لا تعداد ملزموں کو ابھی تک سزا نہیں ہونے دی جبکہ جس سیاسی جماعت پر 9 مئی کے واقعات میں کردار ادا کرتے ہوئے ملک میں مبینہ” بغاوت” کو ہوا دینے کے الزامات لگائے جا رہے ہیں اس جماعت نے ان واقعات میں ملوث ہونے کے الزامات کو رد کرتے ہوئے جماعت کے بانی نے ان کی جماعت کے اراکین کے ملوث ہونے کے ثبوت فراہم کرنے کا بیانیہ اختیار کر رکھا ہے جس کی مسلسل تکرار پارٹی کے دیگر رہنماء بھی کرتے ہوئے محاورةً کھلی انکھوں مکھی نگلنے کی کیفیت پیدا کر رہی ہے ،اس دوران پارٹی نے کئی بار احتجاج کرتے ہوئے وفاق پر حملہ آور ہونے کی بھی کوشش کی ہے بلکہ صوبہ خیبر پختونخواکے وسائل عوام کی فلا ح و بہبود پر خرچ کرنے کی بجائے صوبے کی جانب سے وفاق پر چڑھائی کیلئے استعمال کرنے کا نامناسب رویہ اختیار کر رکھا ہے اور اب ایک بار پھر اسی قسم کی ” یلغار ” کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے گزشتہ روز 9 مئی کے حوالے سے حملوں کی مزید سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے منظم سازش کے تحت حملے کئے جن کی فوٹیج اور ویڈیوز موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور دیگر رہنماء کہتے تھے ثبوت لاؤ ،لہٰذا اب ان مقدمات کا فیصلہ کیا جائے، وزیر اطلاعات نے راولپنڈی ،پشاور، لاہور، مردان کی فوٹیج جاری کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ قوم کریگی، انہوں نے کہا کہ تحریک” انتشار ” معافی مانگے ،جو نئی فوٹیجز جاری کی گئی ہیں ان کے بارے میں وزیر اطلاعات کا دعویٰ ہے کہ یہ وہ فوٹیج ہیں جو اس سے پہلے منظر عام پر نہیں لائی گئیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے حواریوں نے ہر قدم ملک کو نقصان پہنچانے کیلئے اٹھایا، ایک جماعت نے منظم سازش کے ذریعے 9 مئی کے حملے کئے، ان حملوں کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، عطاء تارڑ نے کہا کہ عمران خان بارہا دہراتے رہے ہیں کہ9 مئی کے واقعات میں ان کے لوگ ملوث نہیں ہیں، اگر کوئی ملوث ہے تو اس کے ثبوت دکھائے جائیں، اگر ہمارے لوگ ملوث ہوئے تو وہ ( عمران خان) معافی مانگنے پر آمادہ ہو جائیں گے، وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ء اور عمران خان جس پارسائی کا دعویٰ کر رہے ہیں اس کے برخلاف یہ فوٹیج قوم کے سامنے لا رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی بتائیں کہ کیا یاسمین راشد، شہریار آفریدی، عثمان ڈار اورمراد سعید ان کی جماعت کے اراکین نہیں ہیں ؟ جنہیں فوٹیج میں خود توڑ پھوڑ اور احکامات جاری کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ مراد سعید نے باقاعدہ ایک ویڈیو پیغام میں سب لوگوں کو اپنے اپنے اہداف پر پہنچنے کی ہدایت کی، تمام ثبوت سامنے لائے ہیں ،ویڈیوز اور آڈیو سامنے ہیں، ملزموں کی شناخت ہو چکی ہے، یہ سب کچھ پی ٹی آئی نے سیاسی بیانیہ مضبوط بنانے کیلئے کیا ،وزیر اطلاعات نے کہا کہ9 مئی کے حملے جو دشمن نہیں کر سکے وہ پی ٹی آئی نے کئے، فیصلہ قوم کرے گی کہ ان میں سے کون لوگ ہیں جو ملک کو تباہ کر رہے ہیں ؟ ان شواہد کی روشنی میں تحریک ” انتشار ” کے تمام لوگوں کو معافی مانگنی چاہیے، مقدمات کا سامنا کریں کیونکہ اب تمام ثبوت قوم کے سامنے ا چکے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات کی جانب سے 9 مئی کے حوالے سے جو نئے ثبوت سامنے لائے گئے ہیں وہ یقینا چشم کشا ہیں اور اب بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر ملوث افراد کو کھلے دل سے قوم سے معافی مانگ کر اپنے معاملات قانون کے سامنے پیش کرنے میں مزید تاخیر نہیں کرنی چاہیے جبکہ بانی پی ٹی آئی کو اپنے رویے پر نظر ثانی کرتے ہوئے اہم اداروے سے مذاکرات کی مسلسل رٹ چھوڑ کر سیاسی قیادت کیساتھ مذاکرات کی راہ اختیار کرنی چاہیے ،یہی ملک میں سیاسی استحکام کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔