حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز

حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز، حاملہ خواتین پر پابندی عائد

ویب ڈیسک: ملک بھر میں حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم اس سلسلے میں 15 بینک مختص کئے گئے ہیں جہاں حج درخواستوں کی وصولی کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ حج درخواست کے ہمراہ 2 لاکھ روپے جمع کرانا لازمی ہوں گے، قرعہ اندازی کے بعد دوسری قسط جبکہ یکم تا 10 فروری بقیہ حج واجبات لازمی ادا کرنا ہوں گے۔
ترجمان مذہبی امور نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ سرکاری حج سکیم کا کوٹہ 89 ہزار 605 مختص کیا گیا ہے، اس کے علاوہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سپانسر شپ سکیم کی 5 ہزار نشستیں مختص ہیں، جبکہ بیرون ملک سے امریکی ڈالرز میں یکمشت ادائیگی کرنا ہو گی۔
وزارت کے ڈیش بورڈ پر بینکوں کی سینکڑوں برانچوں کی کارکردگی کو براہ راست مانیٹر کیا جائے گا، خواتین عازمین حج کی سہولت کیلئَے بھی اس بار آسانی رکھی گئی ہے، اب خواتین سرپرست کی اجازت سے قابل اعتماد گروپ کے ساتھ بغیر محرم کے حج سفر پر روانہ ہو سکیں گی۔
حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز کر دیا گیا ہے ، اس دوران عازمین کیلئے اضافی سہولیات کا بھی بندوبست کیا گیا ہے ، اس میں ان کیلئے الگ فیملی رومز، قربانی کی سہولت رکھی گئی ہے، جبکہ سرکاری حج پیکیج میں فضائی ٹکٹ، کھانا، تربیت، مکتب، ویکسین شامل ہیں۔
یاد رہے کہ شدید نوعیت کے پیچیدہ امراض کے حامل افراد کو سفر حج کی اجازت نہیں ہو گی۔ ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ ایڈوانس سٹیج کی حاملہ خواتین اور 12 سال سے کم عمر بچے سفر حج پر روانہ نہیں ہو سکیں گے، درخواست گزاروں کو حج ہیلپ لائن، ویب سائٹ، موبائل ایپ اور آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے رہنمائی میسر ہو گی۔

مزید پڑھیں:  حکومت عوام اور نجی شعبے کے تعاون کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی، علی امین