شکایات کنندگان کو ٹرخانے والوں کیخلاف

شکایات کنندگان کو ٹرخانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی، گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وزیراعلی کے شکایات پورٹل (اختیار عوام کا) پر عوامی شکایات کے ازالے کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ شکایات کنندگان کو ٹرخانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کو متعلقہ حکام کی جانب سے عوامی شکایات کے آزالے پر اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ اس دوران بتایا گیا کہ پورٹل پر اب تک 6242 شکایات درج ہوچکی ہیں، ان میں سے 2559 عوامی شکایات کا ازالہ کیا جاچکا ہے، جبکہ دیگر 3683 عوامی شکایات کے ازالے پر کام جاری ہے۔ اب تک 1200 شہریوں کو پورٹل کے ذریعے ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے انہیں بتایا گیا کہ 757 شہریوں کو جزوی ریلیف فراہم کیا گیا ہے، اب تک پورٹل پر 6242 شکایات درج ہوچکے ہیں، عوامی شکایات پورٹل پر اب تک 13384 شہری رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، صارفین میں تقریبا 300 خواتین بھی اس پورٹل کا باقاعدگی سے استعمال کر رہی ہیں۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ پورٹل پر ضلع پشاور سے سب سے زیادہ شکایات درج ہوئی ہیں جن کی تعداد 1458 ہے، ضلع مردان سے 405، بنوں سے 363، ڈیرہ اسماعیل خان سے 335 جبکہ ایبٹ آباد سے 344 شکایات موصول ہوئی ہیں، ضلع مانسہرہ سے 277، چارسدہ سے 237، ہری پور سے 235، صوابی سے 223 جبکہ لوئر دیر سے 185 شکایات درج ہوئی ہیں۔
بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ پورٹل پر میونسپل سروسز سے متعلق 1966 شکایات موصول ہوئی ہیں، تعلیم کے شعبے سے متعلق 1040، عوامی ایجنڈے پر عملدرآمد سے متعلق 876، بدعنوانی سے متعلق 602 جبکہ امن و امان سے متعلق 539 شکایات موصول ہوئی ہیں، عوام اختیار کا پورٹل کے تحت عوامی شکایات کے ازالے کے لئے 3 سے 7 دن کا وقت مقرر ہے۔
اس دوران وزیراعلی کو گزشتہ حکومت کے خپل وزیر اعلی کمپلینٹ سیل کے تحت عوامی شکایات کے ازالے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس سال اب تک خپل وزیر اعلی کمپلینٹ سیل پر 1165 شکایات موصول ہوئی ہیں، ان شکایات میں سے 1047 شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے، جبکہ باقی 118 کے ازالے پر کام جاری ہے۔
وزیر اعلی نے عوام کی سہولت کے لئے خپل وزیر اعلی کمپلینٹ سیل کے تحت شکایات کو بھی عوام اختیار پورٹل پر منتقل کرنے کی ہدایت کی، عوامی شکایات چاہے جس کسی بھی دور میں موصول ہوئے ہوں، ان کا ازالہ ہونا چاہیے، کیونکہ شہری تو سب ہمارے ہیں اور ان کی شکایات کا ازالہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وزیر اعلی نے بعض عوامی شکایات کے ازالے میں کوتاہی پر متعلقہ حکام کی سخت سرزنش کی، جبکہ بعض شکایات کے ازالے کی صورتحال پر وزیر اعلی کا عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ ان شکایات کو وزیر اعلی سیکرٹریٹ کی سطح پر دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کا ازالہ شکایات کنندگان کے لئے مکمل طور پر تسلی بخش ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ شکایات کنندگان کو ٹرخانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی، عوامی شکایات کا بروقت اور تسلی بخش ازالہ متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے اس میں کوئی کوتاہی یا تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کوتاہی یا تاخیر کرنے والے حکام اب سزا کے لئے تیار ہوجائیں، اصلاح کے لئے بہت وقت دیا، جس نے اپنی اصلاح نہیں کی وہ سزا کا مستحق ہے، عوامی شکایات پورٹل کو مزید فعال اور موثر بنایا جائے گا۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس پورٹل کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔

مزید پڑھیں:  پشاور: ورسک روڈ پر موٹر کار پر فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ،دوسرا زخمی