ویب ڈیسک:پنجاب کی صوبائی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کی طرح الجہاد کا نعرہ لگانے والے خارجی تصور ہوں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ ہاؤس میں الجہاد ،الجہاد کے نعرے لگے ہیں، ریاست کے خلاف جہاد ہو ہی نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ خارجی پاکستان میں فساد برپا کرنا چاہتے ہیں، ان کے ساتھ وہی سلوک ہو گا جو خارجیوں کے ساتھ ہوتا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ یہ اپنے بال بچوں سمیت نکلیں اور واقعی جہاد کرکے دکھائیں، جہاد ان کے بس کی بات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی اتنی ہی غیرسیاسی ہیں کہ تقریر کی صورت میں چیئرمین پی ٹی آئی کا پیغام پہنچا رہی ہیں، ان کے پاس کونسا اختیار ہے کسی کو پارٹی سے نکالیں۔
عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور کو مرنے کا بہت شوق ہے، وزیراعلی خیبرپختونخوا کو اپنا ہوش نہیں، وہ ورکرز کو 5، 5 ہزار بانٹیں گے، آپ دوسروں کے بچے نکال کر لا رہے ہیں، آپ اپنے بچوں کو مرنے مارنے کیلئے باہر لائیں، جو بچے 9 مئی کے کیس میں جیلوں میں ہیں کیا ان کو ابھی تک کسی نے پوچھا ہے؟
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ جتنی سموگ خطرناک ہے اتنے ہی یہ لوگ بھی ہیں، سموگ اور یہ لوگ ایک دوسرے کے کزن ہی لگتے ہیں، سموگ کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر فیصلے کئے جاتے ہیں۔
Load/Hide Comments