نوجوت سنگھ سدھو کی کپل شرما شو میں واپس آنے کیلئے دلچسپ شرط

سابق بھارتی کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے کپل شرما کے نیٹ فلکس پر نشر ہونے والے کامیڈی شو میں واپسی کیلئے انوکھی شرط رکھ دی۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کپل شرما شو کا ٹیزر شیئر کیا گیا تھا جس میں سدھو کو اہلیہ کے ہمراہ شو شرکت کرتے دیکھا گیا تھا۔ 16 نومبر کو یہ پروگرام نشر کیا جاچکتا ہے۔
شو میں سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ بھی اپنی اہلیہ گیتا بسرا کے ہمراہ شریک ہوئے جس سے شو میں مزید دلچسپی کا اضافہ ہوگیا۔
کپل شرما کی تعریف کرتے ہوئے نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ ’دی کپل شرما شو ایک ایسا گلدستہ تھا جو خدا نے بنایا تھا۔ اس کی خوشبو مختلف تھی اور اسے کوئی بدل نہیں سکتا۔ کپل ایک نابغہ ہیں، جنہیں مشکل وقت میں بھی میں نے ہمیشہ سپورٹ کیا‘۔
سدھو نے اپنی خواہش کا اظہار کیا کہ وہ شو کے تمام کرداروں کو ایک مرتبہ پھر ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا ’میری خواہش ہے کہ وہ گلدستہ دوبارہ جُڑ جائے، دادی (علی اصغر) اور گتھی (سنیل گروور) سمیت سبھی واپس آئیں‘۔
کپل شرما نے شو کے دوران وہاں موجود حاضرین سے سوال کہ کیا وہ سدھو پاجی کو پھر سے شو میں دیکھنا چاہتے ہیں جس پر انکے مداحوں نے پرجوش ہوکر ان کی واپسی کی خواہش ظاہر کی۔
جس پر سدھو نے بھی کپل شرما کے شو میں واپسی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے واپسی کیلئے یہ شرط بھی رکھی کہ وہ صرف اس ہی صورت میں شو کو جوائن کریں گے اگر ارچنا پورن سنگھ بھی پروگرام کا حصہ رہیں اور ان کے ساتھ بیٹھیں۔
یاد رہے کہ2019 میں پلوامہ حملے پر سدھو کے ایک بیان کے بعد بھارت میں ایک تنازعہ کھڑا ہوگیا تھا، جس کے بعد انتہا پسند ہندوؤں نے ان کے خلاف مظاہرے شروع کیے اور شو سے ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔ دباؤ کے پیش نظر شو کی انتظامیہ نے سدھو کو شو سے الگ کر دیا تھا۔

مزید پڑھیں:  عزیز میاں قوال کو مداحوں سے بچھڑے 24 برس بیت گئے