الو ارجن کی فلم ’پشپا ‘2 کا سنسنی خیز ٹریلر ریلیز
ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے مشہور سپر اسٹار الو ارجن کی سپر ہٹ فلم ’پشپا 2‘ کا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا۔
یوٹیوب پر ’پشپا 2: دی رول‘ کا ٹریلر تیلگو، ہندی اور تامل زبانوں میں جاری کیا گیا ہے، جس کو چند ہی گھنٹوں میں کروڑوں مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
2021 میں ریلیز ہونے والی الو ارجن اور اداکارہ رشمیکا مندانا کی تیلگو فلم ’پشپا: دی رائز‘ نے شاندار کامیابی حاصل کی تھی اور یہ فلم نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں مشہور ہوئی تھی۔
یہ فلم باکس آفس پر کئی ریکارڈ توڑتے ہوئے 2021 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلموں میں شامل ہوئی تھی۔ ہندی زبان میں بھی فلم کو زبردست مقبولیت ملی تھی، جس کے بعد سے ساؤتھ اور بالی ووڈ فلم شائقین دونوں ہی ’پشپا‘ کے دوسرے حصے کی ریلیز کا بےصبری سے انتظار کر رہے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق الو ارجن نے ’پشپا 2‘ کے لیے پہلے حصے کے مقابلے میں دگنا معاوضہ لیا ہے، جو کہ تقریباً 100 کروڑ بھارتی روپے ہے۔
پشپا 2: دی رول کے ٹریلر میں الو ارجن ایک منفرد اور مضبوط کردار میں نظر آ رہے ہیں۔ کہانی کے مطابق پشپا پہلے سے زیادہ طاقتور اور مالدار ہو چکا ہے۔ پہلی فلم کی طرح یہ پارٹ بھی ایکشن اور تھرلر سے بھرپور ہے، جس میں رومانس کا تڑکہ بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ ’پشپا 2 دی رول‘ 5 دسمبر 2024 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی اسے بھارت سمیت دنیا بھر کے کئی ممالک میں ریلیز کیا جارہا ہے۔
Load/Hide Comments