پاکستان کی ترسیلات زر میں اضافہ

پاکستان کی ترسیلات زر میں 24 فیصد اضافہ

ویب ڈیسک: ایس آئی ایف سی کی کاوشوں کی بدولت پاکستان کی ترسیلات زر میں 24 فیصد اضافہ، سالانہ ترسیلات زر اکتوبر 2024 میں 3 ارب ڈالرز رہیں۔
تفصیلات کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی کاوشوں اور محنت کی وجہ سے پاکستان کی ترسیلات زر میں 24 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ اس حوالے سے دستاویز جاری کر دی گئی ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایس آئی ایف سی کی کاوشوں کی بدولت پاکستان کی ترسیلات زر میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سالانہ ملکی ترسیلات زر اکتوبر 2024 میں 24 فیصد اضافے کے ساتھ 3 ارب ڈالرز رہیں۔ جاری دستاویز کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2024 مجموعی ترسیلات زر 35 فیصد بڑھ کر 11 اعشاریہ 8 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں ۔ یاد رہے کہ پاکستانی ترسیلات زر میں تواتر اور اضافہ کے باعث کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کنٹرول کرنے میں معاونت مل رہی ہے۔
دوسری جانب ملک کے تجارتی خسارہ میں اکتوبرکے دوران سالانہ بنیادوں پر 26 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ادارہ شماریات کے اعدادوشمارکے مطابق اکتوبر 2024 میں ملک کا تجارتی خسارہ 1 اعشاریہ 608 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ سال اکتوبرکے مقابلہ میں 26 فیصد کم ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال اکتوبرمیں ملک کے تجارتی خسارہ کا حجم 2 اعشاریہ 174 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ستمبر کے مقابلہ میں اکتوبر میں تجارتی خسارہ میں ماہانہ بنیادوں پر 12 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ ستمبر میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 1 اعشاریہ 819 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اکتوبر میں سعودی عرب سے 766اعشاریہ 7 ملین ڈالر ، یو اے ای سے 620 اعشاریہ 9 ملین ڈالر، اور برطانیہ سے 429 اعشاریہ 5 ملین ڈالر ترسیلات زر موصول ہوئے۔

مزید پڑھیں:  سٹاک مارکیٹ میں پھر تیزی، 1لاکھ 9ہزار پوائنٹس کی حد بھی پار