ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ دیوالہ ہونے پر شریف خاندان کا بھٹو دور یاد کرانا شرمناک ہے، شریف خاندان کا یہ بیانیہ قطعی گمراہ کن ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں ندیم افضل چن نے شریف خاندان کو نشانے پر رکھتے ہوئے کہا کہ دیوالیہ آپ آج ہو رہے ہیں اور وہ بھی برطانیہ میں، ایسے میں بھٹو دور کہاں سے آ گیا؟ ان کا کہنا تھا کہ جو کرتوت آپ کی یہاں ہیں وہی وہاں بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیوالہ ہونے پر شریف خاندان کا بھٹو دور یاد کرنا شرمناک ہے۔
رہنما پاکستان پیپلز پارٹی نے شریف خاندان کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ قوم کو حقیقت بتائیں تاکہ وہ بھی جان سکیں کہ آخر ایسا کیوں ہوا جو دیوالہ ہو گئے، انہوں نے واضح کیا کہ شریف خاندان نے اپنے آپ کو اس لیے دیوالیہ ظاہر کر دیا تاکہ برطانیہ میں ٹیکس ادا نہ کرنا پڑے، انہوں نے سخت انداز میں کہا کہ ہمیں قیادت نہ روکے تو سارا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیں گے۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیٹے حسن نواز کی کمپنی کو لندن ہائی کورٹ کی جانب سے دیوالیہ قرار دینے پر شریف فیملی نے ردعمل کا اظہار کیا۔ اس دوران شریف فیملی کے ترجمان نے کہا کہ دیوالیہ کرنے کا عمل 1972 سے شروع ہوا تھا جب ذوالفقار بھٹو نے صنعتیں نیشنلائز کیں۔ اس وقت کے متاثرین میں شریف خاندان بھی شامل تھا۔
Load/Hide Comments