پاکستان میں معیشت مثبت اعشاریوں

پاکستان میں معیشت مثبت اعشاریوں کی جانب گامزن ہے، خواجہ آصف

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں معیشت مثبت اعشاریوں کی جانب گامزن ہے۔
کراچی میں 4روزہ عالمی دفاعی نمائش انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز) 2024 کا آغاز ہوگیا، وزیر دفاع خواجہ آصف نے دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا باضابطہ افتتاح کیا، نمائش میں دنیا بھر سے 550 سے زائد نمائش کنندگان سٹالز لگائیں گے۔
آئیڈیاز دفاعی تعاون کے میدان میں تعاون اور علم کے تبادلے کا ذریعہ ہے، دفاعی صنعت کے منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے آئیڈیاز اس شعبے سے وابستہ ماہرین اور اعلیٰ سطح کے پالیسی سازوں میں ملاقات کا موقع فراہم کرتا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تمام وفاقی وزراء، سینئر ملٹری وسول افسران اور تقریب میں شریک تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز2024 اہمیت کا حامل ہے، جس سے ملکی و غیر ملکی ماہرین و مندوبین فائدہ اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی امن اورسماجی واقتصادی ترقی کیلئے رابطوں کا فروغ ضروری ہے، پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے، پاکستان میں معیشت مثبت اعشاریوں کی جانب گامزن ہے، ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
خواجہ اصف نے کہا کہ دفاعی ضروریات کی برآمدات سے معیشت مضبوط ہوگی، آئیڈیاز نمائش پاکستان کی دفاعی پیداوار کے فروغ میں معاون اور علاقائی گیٹ وے کے طور پر ثابت ہوگی، انہوں نے کہا کہ اسی لئے آئیڈیاز کا سلوگن آرمز فارپیس رکھا گیا ہے۔
وزیر دفاع نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت اب معیار اور اعتبار کی دہلیز پر پہنچ چکی ہے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ہمیشہ برابری کی بنیاد پر بامعنی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے ، نہ صرف دوطرفہ مسائل کے حل بلکہ خطے میں امن اور ہم آہنگی کو موقع فراہم کرنے کے لیے باہمی مذاکرات ضروری ہیں۔

مزید پڑھیں:  تحریک انصاف رہنما شہریار آفریدی کی 21روزہ راہداری ضمانت منظور