ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی قیادت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے 24نومبر کے احتجاج کی کال واپس لینے کی درخواست کی ہے ۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے آج ہونے والی ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو بات چیت کا گرین سگنل دے دیا ۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ملاقات کے دوران بیرسٹرگوہر اور علی امین گنڈاپور نے 24نومبر کی کال واپس لینے کی درخواست کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ احتجاج سے ملکی معیشت کو نقصان ہوگا، حکومت سے بات کرنی چاہیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جتنا کریک ڈائون ہو رہا ہے زیادہ ورکرز کو جمع نہیں کرسکیں گے،کریک ڈائون اور وسیع تر ملکی مفاد میں کال واپس لینی چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے مزیدکہا کہ سردیوں کے باعث ورکرز کو دھرنے پر بٹھانے میں مشکلات آسکتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹرگوہر نے عاطف خان اور علی امین کی لڑائی کی تفصیلات سے بھی عمران خان کو آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے لئے علی امین گنڈاپور کو ٹاسک دیا گیا ہے جب کہ حکومتی شخصیات سے روابط کے لیے بیرسٹرگوہر کو ٹاسک دے دیا گیا۔
دوسری جانب بیرسٹرگوہر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات میں مذاکرات سے متعلق گفتگو کی تردید کردی۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ حکومت سے مذاکرات یا رابطوں سے متعلق کوئی گفتگو نہیں ہوئی، ملاقات میں تمام گفتگو علی امین گنڈاپور نے کی، ہم نے احتجاج کی کال واپس لینے کی درخواست نہیں کی۔
Load/Hide Comments