سڑکوں پر کنٹینرز لگانے کا کام

اسلام آباد میں کئی سڑکوں پر کنٹینرز لگانے کا کام مکمل

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کے 24نومبر احتجاج کے حوالے سے اسلام آباد میں کئی سڑکوں پر کنٹینرز لگانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد احتجاج کیلئے ابھی سے اسلام آباد میں مختلف مقامات پر کنٹینرز لگانے کی تیاری شروع کردی گئی ہے جبکہ اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ ہاﺅس کے سامنے فلیگ مارچ بھی کیا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے اسلام آباد احتجاج کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ خیبر پختونخوا سے قافلے اسلام آباد جائیں گے جبکہ پنجاب سے بھی بڑی تعداد میں ورکرز کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وفاقی حکومت نے جہاں پی ٹی آئی کارکنوں کو احتجاج کیلئے آنے سے خبردار کیا ہے، وہیں مظاہرین کو روکنے کیلئے بھی تیاریاں جاری ہیں، اسلام آباد پولیس نے گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاﺅس کے سامنے فلیگ مارچ کیا اور نعرے بازی کی، اور اپنا حوصلہ بلند دکھانے کی کوشش کی ۔
وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں کئی سڑکوں پر کنٹینرز لگانے کا کام مکمل کرلیا ہے، کنٹینرز مقررہ مقامات تک پہنچا دیئے گئے ہیں، جنہیں موزوں وقت پر سڑکوں پر رکھ دیاجائیگا اور اسلام آباد کا راولپنڈی ڈویژن اور خیبر پختونخوا کیساتھ زمینی رابطہ منقطع کردیاجائیگا۔
سڑکوں کے قریب کنٹینرز لگانے اور اسلام آباد پولیس کے فلیگ مارچ کی وجہ سے سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام رہا، جس سے اسلام آباد کے شہریوں کو شدید کوفت اور اذیت سے گزرنا پڑا۔ اسلام آباد کے شہریوں کیلئے آئندہ چند روز مشکل ہوں گے۔

مزید پڑھیں:  عمران خان کی ڈی چوک کا معاملہ پارلیمان میں اٹھانے کی ہدایت