بجلی ونٹر پیکج کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بجلی صارفین کے لئے ونٹر پیکج کی منظوری دیتے ہوئے دوسویونٹ سے زائد استعمال کرنے والے صنعتی ، کمرشل اور گھریلو صارفین کے لئے 26 اعشاریہ 07پیسے فی یونٹ مقرر کر دی ہے ۔وزیر خزانہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم کی جانب سے بجلی صارفین کے لئے اعلان کردہ پیکج کی منظوری دے دی گئی ہے اعلامیہ کے مطابق حکومت آئی ایم ایف سے پہلے یہ ونٹر پیکج کے تحت بجلی صارفین کو ریلیف دینے کی منظوری لے چکی ہے ونٹر پیکج کے تحت بجلی کے اضافی استعمال پر 26 روپے سات پیسے یونٹ فلیٹ ریٹ وصول کیاجائے گاجبکہ اس کا اطلاق دسمبر 2024ء سے فروری 2025ء تک کے لئے ہو گا ونٹر پیکج سے دو سو یونٹ سے زائد استعمال کرنے والے صنعتی ، کمرشل اور گھریلو صارفین کو فائدہ ہوگا جبکہ سال 2024ء کے محولہ مہینوں میں صارفین کے بجلی استعمال کا موازانہ بھی کیا جائے گا امر واقعہ یہ ہے کہ جب سے بجلی صارفین پر سلیب سسٹم کا اطلاق کرتے ہوئے دوسو یونٹ کے بعد صرف ایک یونٹ(201 اور مزید) کے اضافی استعمال کے بعد یکدم پانچ ہزار روپے لاگو کرنے کا ظالمانہ طریقہ نافذ کیاگیا جس سے صارفین کے ہوش اڑ گئے تو ریگولر اورسوشل میڈیا پر ایک طوفان برپا ہوگیا تھا اوراسے شدید ناانصافی قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف ٹرینڈ ز چل پڑے تھے جن میں یہ مطالبہ زور پکڑ گیا تھا کہ جتنے یونٹ اتنابل ، کچھ لوگوں نے اس نظام(200 کے بعد صرف ایک یونٹ اضافے کے تحت پانچ ہزار روپے اضافی بل) کے خلاف اس کے نفاذ کے بارے میں سوچنے اور اسے عوام پر تھوپنے والوں کو بددعائیں دینے کے حوالے سے پوسٹیں لگانا شروع کردی تھیں جبکہ خیبر پختونخوا میں تو ایک اور ٹرینڈ بھی بھی چلایاگیا کہ یہاں پرصارفین بجلی کے بلوں سے فیول سرچارج کاخاتمہ کیا جائے کیونکہ ہم توہائیڈل سے پیدا کی جانے والی بجلی استعمال کرتے ہیں جس پر فیول سرچارج لگانے کا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز بنتا ہی نہیں بہرحال اب وزیراعظم کی ہدایت پر نیا پیکج متعارف کرکے صرف تین ماہ کے لئے اس کا اطلاق کیا جا رہا ہے جس کے لئے آئی ایم ایف سے اجازت بھی لے لی گئی ہے جس سے وقتی طور پر ہی سہی”اونٹ کے منہ میں زیرہ” برابر ریلیف ہی مل سکے گا کیونکہ سردیوں میں ویسے بھی بجلی کا استعمال خاصا کم ہوجاتا ہے اچھا ہوتا کہ اس کو گرمی کے مہینوں میں لاگو کیا جاتا تاکہ عوام کو سکون کا سانس تو ملتا۔

مزید پڑھیں:  متضاد خبروں کے درمیان؟