پیپلزپارٹی گرین سندھ کا منصوبہ وفاق

پیپلزپارٹی گرین سندھ کا منصوبہ وفاق سے شیئر کرے گی، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ دریائے سندھ پر نئی نہروں کے منصوبے سے پہلے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جانا چاہئے۔ پیپلزپارٹی گرین سندھ کا منصوبہ وفاق سے شیئر کرے گی۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اپنی رائے کو زبردستی نافذ کرنے سے منفی اثرات مرتب ہوں گے، دریائے سندھ پر مزید نہروں کا وفاقی منصوبہ کالا باغ ڈیم کی طرح متنازع ہوجائے گا، اس سلسلے میں اگر سندھ اور بلوچستان کے اعتراضات نہ سنے گئے تو پورا منصوبہ ہی متنازع بن جائے گا۔
انہوں نے وفاق کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ متنازع منصوبے شروع کرنے کے بجائے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جانا چاہئے، اس حوالے سے شراکت داروں سے بات چیت کر کے اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا، زبردستی رائے مسلط کرنے سے سیاست، زراعت اور معیشت متاثر ہوگی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ایسا قدم نہ اٹھائے جس سے اچھے منصوبے متنازع بن جائیں، مل جل کر ایسے فیصلے کرنے چاہئیں جو ملک و قوم کے فائدے کے لیے ہوں۔ وفاقی حکومت اپنے فیصلے پرغور کرے، ہم وفاقی حکومت کو سمجھانے کی کوشش کریں گے۔
اس سلسلے میں انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی گرین سندھ کا منصوبہ وفاق سے شیئر کرے گی، بدلے میں وفاقی حکومت کو بھی اپنے پوائنٹس ہم سے شیئر کرنے چاہئیں۔ پیپلز پارٹی زراعت کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھتی ہے، ہم نے زراعت کو سپورٹ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

مزید پڑھیں:  نیو پشاور ویلی منصوبہ ،رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کو ذمہ داریاں تفویض