صورتحال کی بہتری کیلئے پہلے والا

کرم واقعہ افسوسناک، صورتحال کی بہتری کیلئے پہلے والا جرگہ فعال کیا جائے

ویب ڈسیک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر مسلح دہشتگردوں کی فائرنگ کے واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے صورتحال کی بہتری کیلئے پہلے والا جرگہ فعال کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ضلع کرم میں مسافروں گاڑیوں پر مسلح افراد کے حملے کی شدید مذمت کی، انہوں نے صوبائی وزیرقانون، متعلقہ ایم این اے و ایم پی اے، چیف سیکرٹری کو کرم کا دورہ کرنے کی ہدایت کر دی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وفد کرم جاکر وہاں کے حالات کا خود جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے۔ واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ضلع کرم میں صوتحال کی بہتری کیلئے پہلے والا جرگہ فعال کرنے کا حکم دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے میں تمام شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لئے پراونشل ہائی ویز پولیس کے قیام پر کام کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے متعلقہ ادارے مل کر سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ نے حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے مالی امداد کا بھی اعلان کیا، اس کے ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، واقعے میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔
یاد رہے کہ ضلع لوئر کرم میں مسافر گاڑیوں پر دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں 38 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ وزیراعلی نے صورتحال کی بہتری کیلئے پہلے والا جرگہ فعال کرنے کی ہدایت کر دی.

مزید پڑھیں:  پولیو کے 4 نئے کیسز رپورٹ، ملک بھر میں‌مجموعی تعداد 63 ہو گئی