فضائی آلودگی میں لاہور دنیا

فضائی آلودگی میں لاہور دنیا کا نمبر ون شہر برقرار

ویب ڈیسک: 499 ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ فضائی آلودگی میں لاہور دنیا کا نمبر ون شہر برقرار ہے۔ اس کےساتھ ساتھ صوبائی دارالحکومت لاہور میں سموگ کا راج برقرار ہے، دنیا بھر کے دیگر ممالک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے زندہ دلان کا لاہور آلودگی میں نمبر ون بن گیا۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح 499 پر جا پہنچی، شہر لاہور کے دیگر علاقوں میں کینٹ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 698 جبکہ ڈی ایچ اے کے علاقے کا اے کیو آئی 565 ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کی جانب سے 24 نومبر تک سموگ میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق لاہور میں تاحال بارش کا کوئی امکان نہیں البتہ پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برف باری متوقع ہے۔ دوسری جانب حکومت پنجاب کی جانب سے تعلیمی ادارے کھول دیئے گئے تاہم ریسٹورنٹس رات 10 بجے تک کھولنے کے بعد گرین لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کر دی گئی ہے۔
سموگ میں کمی کے باعث حکومت پنجاب کی جانب سے پنجاب بھر کی تمام تفریح گاہیں کھول دی گئی تھیں، تاہم اس کے بعد ایک بار پھر سے سموگ میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے جس میں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اس دوران تمام تفریحی مقامات کو رات 8 بجے تک کھلا رہنے کی اجازت دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں مارکیٹس رات 8 بجے بند ہوں گی، ہفتہ اور اتوار کو بھی مارکیٹس رات 8 بجے تک ہی کھلی رہیں گی۔

مزید پڑھیں:  ضلع ہری پورشہر ناپرسان بن گیا، اشیائے خوردونوش کے من مانے نرخ مقرر