ویب ڈیسک: تھانہ آئی نائن مقدمے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اشتہاری قرار، کیس دیگر ملزمان سے الگ کر دیا گیا۔
اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دے دیا گیا۔ اے ٹی سی جج طاہر عباس سپرا کی جانب سے جاری ہونے والے تحریری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور اشتہاری قرار دینے کے بعد کیس کو دیگر ملزمان سے الگ کر دیا گیا۔
اے ٹی سی عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ دوران سماعت ملزمان راجا راشد حفیظ، واثق قیوم، راجا خرم نواز، فیصل جاوید، عمر تنویر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے جبکہ تمام غیر حاضر ملزمان کے وکلا سردار مصروف، مرتضی طوری ، زاہد بشیر ڈار نے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کر دی۔
جج طاہر عباس سپرا کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تمام غیر حاضر ملزمان کی حاضری معافی کی درخواست مسترد اور ان کے ضمانتی مچلکے منسوخ کیے جاتے ہیں، بعد ازاں کیس کی مزید سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور، فیصل جاوید، راجہ خرم اور واثق قیوم کیخلاف اسلام آباد کے خلاف تھانہ آئی نائن میں دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف مقدمے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
Load/Hide Comments