ویب ڈیسک: نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کیلئے 50 کروڑ روپے کے فنڈز کا اعلان کردیا۔
انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے تمام اے ایس پیز اور پولیس جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن مبارک ہو، آپ عوام کی خدمت میں کامیاب ہوگئے تو سب چیزوں میں کامیاب ہیں، اگر آپ بحیثیت پولیس افسر عوام کیلئے کچھ نہیں کررہے تو اس کا ہمیں کوئی فائدہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی ایک اچھا ادارہ ہے، اسے بین الاقوامی معیار کی اکیڈمی بنانا ہے، اس سلسلے میں ایک ٹاسک فورس بنائی ہے، خواہش ہے اگلے سال یہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی طرز کی ہو، یہاں آفیسرز سزا کے طور پر تعینات نہ ہوں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خواہش ہے یہاں تعینات آفیسرز کے الاؤنسز بھی بہتر ہوں، اس اکیڈمی کو پی ایم اے کے طرز کی اکیڈمی بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ میں آج یہاں 50کروڑ کا بندوبست کرکے آیا ہوں، انہوں نے نیشنل پولیس اکیڈمی کیلئے 50 کروڑ روپے کے فنڈز کا اعلان کر دیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ لاہور والا ایلیٹ ٹریننگ سینٹر بھی پاکستان کا بہترین سینٹر ہے، ہمیں آفیسرز کی ٹریننگ یہاں ہی کرنی ہے، بجائے اس کے کہ ہم یہاں کے پولیس آفیسرز کو دوسری جگہ ٹریننگ کیلئے بھیجیں، ہمیں نیشنل پولیس اکیڈمی میں بہترین آفیسرز لانے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اکیڈمی کے ساتھ اپنا لگاؤ برقرار رکھیں، آج جو آفیسرز گریجویٹ ہورہے ہیں ان دوبارہ مبارکباد دیتا ہوں، اللہ تعالیٰ پاس آؤٹ ہونے والے افسران اور پولیس جوانوں کو کامیاب کرے۔
Load/Hide Comments