عدالتی فیصلے کا احترام کرنا چاہئے

نیتن یاہو وارنٹ، عدالتی فیصلے کا احترام کرنا چاہئے، یورپی یونین

ویب ڈیسک: انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (آئِی سی سی) کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری کے حوالے سے یورپی یونین کے خارجہ پالیسی چیف جوزف بوریل نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے کا احترام کرنا چاہئے۔
جوزیف بوریل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عالمی فوجداری عدالت کا اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور سابق اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ سیاسی نہیں فوجداری معاملہ ہے۔
جوزف بوریل نے کہا کہ عدالتی فیصلے کا نفاذ یورپی یونین کے تمام ممالک پر لازم ہے۔ نیتن یاہو کے حوالے سے عدالتی فیصلے کا احترام کرنا چاہئے۔
اس حوالے سے نیدرلینڈز کے وزیر خارجہ اسرائیلی وزیر اعظم کی گرفتاری کا عندیہ پہلے ہی دے چکے ہیں۔ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے نیتن یاہو گرفتاری کے حوالے سے اپنے بیان میں عالمی فوجداری عدالت کی فیصلے کاخیرمقدم کیا۔
نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری پر حماس کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ عدالت احتساب کا دائرہ اسرائیل کے تمام مجرم رہنماؤں تک بڑھائے۔ فرانس کی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ فرانس کا ردعمل عدالت کےاصولوں کے مطابق ہوگا۔
نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری پر اردن کے وزیر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو اور گیلنٹ کی گرفتاری کے آئی سی سی کے فیصلے پر عمل اور اس کا احترام ہونا چاہیے، فلسطین کے لوگ انصاف کے حق دار ہیں۔
یاد رہے کہ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ اسرائیلی وزیر اعظم پر جنگی جرائم کے ارتکاب کا الزام ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے سابق اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے ہیں۔
اس سے قبل عالمی فوجداری عدالت میں جنوبی افریقہ کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی اور کارروائی کے دوران نیتن یاہو کو مجرم قرار دیدیا گیا تھا، اسرائیل نے فلسطین میں انسانی حقوق کی بدترین مثال قائم کی جس کی کہیں مثال نہیں ملتی.

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی آواز میں مبینہ آڈیو سوشل میڈیا پروائرل