دہشتگردوں کے نیٹ ورک ختم

دہشتگردوں کے نیٹ ورک ختم کرنے کیلئےپاک فوج پرعزم ہے،آرمی چیف

ویب ڈیسک: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے نیٹ ورک ختم کرنے کیلئے پاک فوج پرعزم ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف کو خطے میں جاری انسدادِ دہشتگردی آپریشنز کی پیشرفت پر جامع بریفنگ دی گئی، اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپخونخوا سردار علی امین گنڈاپور اور فیلڈ کمانڈرز بھی موجود تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی بے مثال قربانیوں کو اجاگرکیا اور شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، اور خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے فوجیوں کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دشمن دہشت گردوں کے نیٹ ورک ختم کرنے کے عزم کو دہرایا اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے غیرقانونی عناصرکو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ یہ قربانیاں قومی عزم کی بنیاد ہیں، یہ قربانیاں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیر متزلزل جذبے اور لگن کو تحریک دیتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا اولین ترجیح ہے، فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ امن دشمنوں کا پیچھا کرے گی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے ناپاک ارادوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، سیکیورٹی فورسز ملک میں امن اور سلامتی کے دشمنوں کو نہیں چھوڑیں گی۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دہشتگردوں کے نیٹ ورک ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، انہوں نے اس موقع پر قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے غیر قانونی عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیں:  بھارت میں سیاسی رہنما سکھبیر بادل قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے