سعودی عرب نے ہمیشہ مدد

سعودی عرب کیخلاف زہر اگلنا پاکستان کے ساتھ دشمنی ہے :وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے خلاف بشریٰ بی بی کا بیان پاکستان کے ساتھ دشمنی ہے۔
سعودی عرب نے ہمیشہ بھائی بن کرمدد کی، سعودی عرب کے خلاف زہر اگلا جائے تو ہمارا بھائی کیا کہے گا؟، ان کو اندازہ نہیں اس بیان سے پاکستان کا خدانخوستہ کتنا نقصان ہوگا۔
تونسہ میں کچھی کینال کی بحالی کی تقریب سے خطاب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم سعودی عرب کے خلاف پروپیگنڈا اور ملکی سلامتی سے کھیلنے والوں کے ہاتھ توڑ دے گی۔
کچھی کینال منصوبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف کے دور میں اس منصوبے کا بیڑہ غرق کیا گیا بغیر کسی ٹینڈر کے ٹھیکے داروں کے حوالے کیا گیا، سب گواہ ہیں کہ کس بے دردی سے قوم کا پیسہ ضائع کیا گیا جب دوبارہ ن لیگ کی حکومت آئی تو 2018 میں اس کینال کو مکمل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 2022 میں سیلاب نے تباہی مچائی اور اس کینال کو مزید تباہ کیا چیئرمین واپڈہ اور احسن اقبال نے اس کی تعمیر مکمل کی اور آج ہم دوبارہ اس کا افتتاح کررہے ہیں، اس کا دوسرا مرحلہ مکمل کرنا چیلنج ہے تاکہ ڈیرہ بگٹی اور دیگر علاقوں میں پیاسی و بنجر زمین کو آباد کیا جاسکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا ایسا برادر ملک ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، اس نے ہمیشہ ہماری مالی، اقتصادی اور ڈپلومیٹک معاونت کی۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ برادر ملک سعودی عرب نے کبھی کچھ نہیں مانگا، کل جو بیان سامنے آیا ہے سعودیہ عرب سے اس بڑی کوئی دشمنی نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہا کہ قوم سعودی عرب کے خلاف پروپیگنڈا اور ملکی سلامتی سے کھیلنے والوں کے ہاتھ توڑ دے گی، سعودی عرب نے ہمیشہ ہر حکومت میں پاکستان کی غیر مشروط مدد کی۔

مزید پڑھیں:  شام میں اقلیتوں کے حقوق کا احترام کیا جائے، گوتریس