بجلی صارفین پر 200ارب کا بوجھ

شمسی توانائی :بجلی صارفین پر 200ارب کا بوجھ پڑنے کا انکشاف

ویب ڈیسک: شمسی توانائی کے استعمال میں اضافے سے بجلی صارفین پر 200 ارب روپے سے زیادہ کا بوجھ پڑنے کا انکشاف سامنے آیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق سولر سسٹم کے غیر منظم استعمال اور تیز رفتار اضافے کی بدولت گرڈ کی بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو بجلی کے نرخ میں 2 روپے فی یونٹ اضافے کا سامنا ہے۔
ارزائیکل کی تازہ ترین ریسرچ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مالی سال 2023-24 میں شمسی توانائی کے استعمال میں اضافے کی وجہ سے گرڈ پر انحصار کرنے والے صارفین پر 200 ارب روپے کا غیر معمولی بوجھ پڑا ہے۔
شمسی توانائی کے استعمال کے رجحان میں اضافے کے باعث گرڈ پر انحصار کرنے والے صارفین کے بجلی نرخوں میں 2 روپے فی یونٹ اضافہ ہوا جو مالی بوجھ اور عدم مساوات کی نشاندہی کرتا ہے، جس کا سبب نیٹ میٹرنگ کے ذریعے سولر انرجی کا غیرمنظم پھیلا ہے۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر حکومتی سطح پر فوری طور پر اقدامات نہ کیے گئے تو گرڈ پر منحصر صارفین پر مالی بوجھ مزید بڑھے گا۔
اس تحقیق میں اس بات کا تخمینہ لگایا گیا ہے کہ موجودہ مالی سال میں سولر انرجی کے استعمال سے گرڈ کی طلب میں اگر 5 فیصد کمی رونما ہوئی تو گرڈ پر انحصار کرنے والے صارفین پر 131 ارب روپے کا مزید بوجھ پڑے گا اور اگر گرڈ کی طلب میں 10فیصد تک کمی آتی ہے تو یہ بوجھ دگنا ہو کر مزید 261 ارب روپے تک پہنچ سکتا ہے۔
غیر منظم اور تیزی سے بڑھنے والے شمسی توانائی منتقلی کے اس رجحان سے نمٹنے کے لیے رپورٹ میں فوری اصلاحات اور پالیسیوں میں تبدیلی پر زور دیا گیا ہے، تاکہ بجلی کی قیمتوں کی منصفانہ تقسیم اور گرڈ کا استحکام یقینی بنایا جا سکے۔
رپورٹ میں مختلف تجاویز دی گئی ہیں جیسے نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ یا فیڈ اِن ٹیرف سسٹم کی کم نرخوں پر منتقلی، اصل قیمتوں کی عکاسی کے لیے فکسڈ گرڈ فیس کا تعارف اور گرڈ استحکام کو بڑھانے کے لیے اینسلری سروسز مارکیٹ کا قیام شامل ہیں۔
اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ ڈسٹری بیوشن کوڈ میں ترمیم کی جائے، جو دوطرفہ پاور فلو کو منظم کرے۔ بجلی کے نرخوں کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے تاکہ قابل تجدید توانائی کے فوائد کوگرڈ کی پائیداری کے ساتھ متوازن کیا جاسکے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چھتوں پر سولر سسٹمز کی تنصیبات سے پاکستان میں توانائی کی طلب میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ مطالعے کے تخمینے کے مطابق اوسطا 10 کلو واٹ کے نیٹ میٹرنگ سسٹم کے ذریعے صارفین گرڈ اخراجات سے فی یونٹ 20 روپے تک بچ سکتے ہیں، جب کہ بی ہاینڈ دی میٹر انسٹالیشنز سے صارفین کو اوسطا 7 روپے فی یونٹ تک فکسڈ اخراجات بچانے میں مدد ملتی ہے۔
رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ پاکستان کے گرڈ کو جلد ہی خطرناک رجحان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، جس میں دوپہر کے اوقات میں شمسی توانائی کے عروج کے موقع پر طلب میں تیزی سے کمی واقع ہوتی ہے تاہم شام کے اوقات میں طلب میں تیزی سے اضافہ رونما ہوتا ہے، جو گرڈ مینجمنٹ اور آپریشنل منصوبہ بندی کو مزید پیچیدہ بناتا ہے۔

مزید پڑھیں:  فارمیسی سروس پالیسی کابینہ سے منظور کرا کے نافذ کرنے کا مطالبہ