پاکستان کے محسن ملک پر حملہ

گھریلو خاتون نے پاکستان کے محسن ملک پر حملہ کردیا: مریم نواز

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ کل ایک گھریلو خاتون جس کا سیاست سے تعلق نہیں اس نے پاکستان کے دوست اور محسن ملک پر حملہ کیا ہے ۔
کچھی کینال کی بحالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کچھی کینال کی بحالی میرے لئے خوشی کا دن ہے، مجھے خوشی ہے نوازشریف دور میں اس منصوبے کا آغاز ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک میں ترقی آتی ہے ن لیگ کی حکومت ہوتی ہے، دھرنوں، احتجاج کی کال بار بار ناکام ہو رہی ہے، پی ٹی آئی دور میں دوست ممالک کو ناراض کیا گیا، شہباز شریف کی قیادت میں سفارتی سطح پر کامیابیاں مل رہی ہیں۔
اپنے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ دشمن انتظار میں بیٹھے تھے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے، اب ہر روز اچھی خبر آ رہی ہے، سٹاک مارکیٹ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور مہنگائی کم ہو رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آج بھی فارن پالیسی پر حملے ہو رہے ہیں، ایسے وقت میں حملے جب پاکستان ترقی کر رہا ہے، ان کا ایجنڈا بڑا خطرناک ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان پر حملے کوئی خارجی نہیں خیبرپختونخوا حکومت کر رہی ہے، پنجاب پولیس کے جوانوں کے سر دہشت گرد نہیں خیبرپختونخوا کی حکومت پھاڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے تو سنا تھا صوبوں کے درمیان ہم آہنگی ہونی چاہئے، جس ملک میں ایک صوبہ دوسرے صوبے پر چڑھائی کرے وہاں سرمایہ کاری کیسے آئے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پہلے انہوں نے کہا امریکا نے نکالا، اب ان کے جلسوں میں امریکا کے جھنڈے نظر آتے ہیں، آپ کو کسی ملک نے نہیں پاکستان کی پارلیمنٹ نے نکالا، آپ پہلے وزیراعظم تھے جس کو آئینی طریقے سے نکالا گیا۔

مزید پڑھیں:  فوجی عدالتوں میں سویلینز ٹرائل کی درخواست سماعت کیلئے مقرر