اسلام آباد کے تمام داخلی راستے

پی ٹی آئی احتجاج، موٹرویز سمیت اسلام آباد کے تمام داخلی راستے بند

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی احتجاج سے نمٹنے کیلئے حکومت نے پلان تیار کر لیا، اسلام آباد کے تمام داخلی راستے بند کر دیئے گئے جبکہ موٹروے تا حکم ثانی 8 مقامات سے بند کردی گئی۔ لاہور اور فیصل آباد سے وفاقی دارالحکومت کو آنے والے تمام راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
24 نومبر تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں میں داخلی راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ فیض آباد سمیت 6 مقامات کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، فیض آباد، آئی جے پی روڈ، روات ٹی چوک، کیرج فیکٹری، مندرہ اور ٹیکسلا روڈ بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی احتجاج کی وجہ سے جڑواں شہروں کی تمام رابطہ سڑکوں کو مکمل طور پر سیل کئے جانے کا پلان ترتیب دیا گیا ہے، جس کے تحت 33 مقامات سے راولپنڈی اسلام آباد کو بند کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایکسپریس وے، ڈی چوک، زیرو پوائنٹ پر بھی کنٹینرز کھڑے کر دیئے گئے ہیں، میٹرو بس سروس بھی بند رہے گی۔
لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹینرز کھڑے کر کے راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ رنگ روڈ کو بھی دو روز کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ فیصل آباد شہر کو بھی سیل جبکہ موٹروے ایم 5، سکھر سے رحیم یار خان تک بند کر دی گئی ہے۔
دوسری طرف وفاقی دارالحکومت میں بس اڈے بھی بند کردیئے گئے ہیں، راولپنڈی میں بھی تمام انٹر سٹی ٹرانسپورٹ اڈے تاحکم ثانی بند رہیں گے جبکہ مظاہرین سے نمٹنے کیلئے پولیس کی 30 ہزار اضافی نفری اسلام آباد پہنچ گئی ہے، اور اسلام آباد کے تمام داخلی راستے بند کر دیئے گئے ہیں ۔
مظاہرین سے نمٹنے کیلئے پنجاب سے 19 ہزار، سندھ سے 5 ہزار پولیس نفری، آزاد کشمیر سے ایک ہزار جبکہ 5 ہزار ایف سی اہلکار بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، تمام نفری امن و امان کی صورتحال میں اسلام آباد پولیس کی معاونت کرے گی۔
موٹر ویز بھی تاحکم ثانی 8 مقامات سے بند کردی گئی، اس سلسلے میں حکومتی اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پشاور تا اسلام آباد اور لاہور تا اسلام آباد موٹروے بند رہے گی۔ لاہور تا عبدالحکیم ایم فور اور ایم تھری پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک اور M-11 سیالکوٹ سے لاہور تک بند رہے گی۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کا غزہ میں اسرائیلی جارحیت بند کرنے کا مطالبہ