ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی کال پر پارٹی رہنماوں کی جانب سے پی ٹی آئی کا 24نومبر احتجاج ہر صورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں 24نومبر کے احتجاج اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ ہاؤس خیبرپختونخوا میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم اور دیگر اہم پارٹی رہنما شریک ہوئے۔
تحریک انصاف کے رہنماوں کے اس غیر معمولی اجلاس میں احتجاج کی تیاریاں اور دیگر انتظامات کا مکمل جائزہ لیا گیا۔ اس دوران 24نومبر احتجاج ہر صورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، اور اس سلسلے میں تمام رہنماوں کی جانب سے ہر مشکل سے ٹکرانے کے عزم کا اطہار کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں کی جانب سے اٹل فیصلہ کیا گیا کہ احتجاج ہر صورت جاری رہے گا، ڈی چوک پر دھرنا بھی دیا جائے گا، اس کے علاوہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تمام رکاوٹیں پار کر کے ڈی چوک پہنچا جائیگا، اور کسی صورت واپسی نہیں ہو گی۔
خیبرپختونخوا قیادت اور کارکنوں کو ہدایات جاری کر دی گئیں، اس دوران کارکنوں کو شلینگ سے بچنے کے لئے ماسک اور پانی ساتھ رکھنے جبکہ موبائل سروس معطل ہونے کی صورت میں اہم لوگوں کو وائرلس سیٹ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلی خیبر پختونخوا کی قیادت میں قافلہ پشاور سے صوابی پہنچے گا، خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں کے کارکنوں کو 12 بجے تک صوابی پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Load/Hide Comments