ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے خلاف پنجاب بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے 24 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج اور دھرنا کے پیش نظر کیا جانے والا پنجاب بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔
وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کے فیصلے کے خلاف متفرق درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کر دی، درخواست میں دیگر کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے داءر کی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ تحریک انصاف کے احتجاج کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت احتجاج کرنا غیر قانونی اقدام نہیں۔
انہوں نے درخواست میں مزید موقف اختیار کیا ہے کہ آئین کے تحت احتجاج کرنے کا حق استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد روکنے کا حکم صادر کیا جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں 3 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کی تھی جس کا اطلاق 25 نومبر تک ہوگا۔ اس دوران صوبہ میں 3 روز تک ہر قسم احتجاج، جلسے جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی۔
Load/Hide Comments