ویب ڈیسک: امن وامان صورتحال بہتر بنانے کیلئے خیبرپختونخوا وفد ضلع کرم روانہ ہو گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا سردار علی آمین گنڈا پور کی ہدایت پر امن وامان صورتحال بہتر بنانے کیلئے خیبرپختونخوا وفد ضلع کرم روانہ ہو گیا ہے، وفد کی سربراہی صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈوکیٹ کر رہے ہیں، دیگر اراکین میں چیف سیکرٹری خیبر پختون خوا ندیم اسلم چوہدری، کمشنر کوہاٹ، ڈی آئی جی کوہاٹ اور ڈی پی او سمیت دیگر اعلی افسران شامل ہیں۔
روانہ ہونے والا وفد ضلع کرم کے حالات کا مکمل طور پر جائزہ لے گا اور امن وامان صورتحال بحال کرنے کے لیے جرگے کو دوبارہ فعال کرے گا، اس کے علاوہ دورے کے بعد وفد ضلع کرم کے امن وامان کے حوالے سے اپنی رپورٹ وزیراعلٰی خیبر پختون خوا کو پیش کرے گا۔
صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت، پولیس اور دیگر ادارے مل کر امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کی بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں گے اور اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔
Load/Hide Comments