اہم سنگ میل

پاکستان کا چھ ہزار فٹ کی بلندی سے حملہ کی صلاحیت کا حامل جدید خود کش ڈرون حملہ کی تیاری میں کامیابی اور اس کا نمائش کے لئے پیش کرنا اہم کامیابی ہے امر واقع یہ ہے کہ اب روایتی ہتھیاروں سے زمینی و فضائی اور بحری لڑائی کا طریقہ کار تبدیل ہو رہا ہے اور جدید سائنسی تکنیکی آلات اور مصنوعی ذہانت سے جنگ لڑنے کا دور آگیا ہے صرف یہی نہیں بلکہ اس میں جدت و شدت بھی آرہی ہے ۔اسرائیل نے حالیہ دنوں میں اس کا مظاہرہ بھی کیا جس سے آئندہ کی جنگوں کے لئے درکار صلاحیت اور اس کے استعمال کی اہمیت و ضرورت اور کامیابی و خود حفاظتی کی ساری صورتحال سامنے آگئی ہے جس کے بعد اب یہ ہر ملک کی ضرورت بن گئی ہے کہ وہ مزید تجربات کرے پاکستان میں یقینااس حوالے سے خاموشی اور علانیہ دونوں طور پر بہت کام ہو رہا ہو گا تازہ تجربہ بھی اس امر پردال ہے کہ پاکستان اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے اور اس میں جدت لانے سے غافل نہیں اس سے ہمارے ماہرین کی مساعی پیہم اور سخت محنت و تحقیق کا بھی بخوبی اندازہوتا ہے لیکن افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ اس حساس اور اہم شعبے میں بھی باصلاحیت تکنیکی ماہرین کوجس ماحول کی ضرورت ہوتی ہے اس پر بھی اجارہ داری کی کیفیت کی شکایت عام ہے جو کسی طور مناسب نہیں حکومت اور اہم اداروں کو اس صورتحال کی نوبت نہیں آنے دینا چاہئے اور ماہرین کو ایسے ماحول اور سہولیات ہر قیمت پر فراہمی کویقینی بنانا چاہئے کہ وہ یکسوئی کے ساتھ مزید کامیابیوں کے سنگ میل عبور کر سکیں۔

مزید پڑھیں:  اس گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے !