ویب ڈیسک: ضلع کرم میں دونوں فریقین نے 7روز کے لئے سیز فائر اور قیدیوں و نعشوں کی واپسی پر اتفاق کرلیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایت بیرسٹر ڈاکٹر سیف کی سربراہی میں کرم پہنچنے والی حکومتی کمیٹی کے اراکین واپس پشاور پہنچ گئے ہیں۔
پشاور پہنچنے پر مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے بتایا کہ کہ ضلع کرم میں دونوں فریقین نے 7 روز کے لیے ایک دوسرے کے خلاف کارروائیاں روکنے، قیدیوں اور لاشوں کی واپسی پر اتفاق کرلیا ہے۔
بیرسٹر سیف کی سربراہی میں جرگے نے گزشتہ روز اہل تشیع کے عمائدین اور آج اہل سنت کے مشران سے ملاقات کی۔
بیرسٹر سیف نے بتایا کہ فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف کارروائیاں روکنے اور قیدی و نعشیں واپس کرنے پر اتفاق کرلیا ہے ۔
واضح رہے کہ ضلع کرم میں چار روز کے دوران بے امنی کے حالیہ واقعات میں اب تک 85 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، ان میں 49 مسافر بھی شامل ہیں جنہیں پشاور پاراچنار روڈ پر نشانہ بنایا گیا۔
Load/Hide Comments