پی ٹی آئی قافلہ حسن ابدال

پی ٹی آئی قافلہ حسن ابدال پہنچ گیا، سیکورٹی ہائی الرٹ

ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی فائنل کال پر اٹک سے ہوتا ہوا پی ٹی آئی قافلہ حسن ابدال پہنچ گیا، اور یوں احتجاجی قافلے منزل کی جانب رواں دواں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں پی ٹی آئی قافلہ اٹک سے ہوتا ہوا حسن ابدال پہنچ گیا، قافلے میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی بھی شامل ہیں تاہم سابق بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ الگ گاڑی میں سوار ہیں۔
ادھر وفاق کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج تمام تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ہیں، ضلع مری کے بھی تمام تعلیمی ادارے آج بند رہنے کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث اسلام آباد کے تمام داخلی و خارجی راستے بند جبکہ مختلف علاقوں کو مکمل سیل کردیا گیا ہے، رینجرز، ایف سی، ایلیٹ فورس اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر میٹرو بس سروس معطل اور بس اڈے بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔
ادھر پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کنٹینرز لگ گئے ہیں، پنجاب میں 3 دن اور بلوچستان میں 15 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، ہر قسم کے احتجاج، جلسے، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
احتجاج کے پیش نظر موٹر ویز بھی متعدد مقامات پر ٹریفک کیلئے تاحکم ثانی بند کر دی گئی ہیں، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ و موبائل سروس بھی بند کر دی گئی ہے۔ ادھر وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صرف سکیورٹی خدشات والے علاقوں میں موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروس بندش کا تعین کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی فائنل کال پر اٹک سے ہوتا ہوا پی ٹی آئی قافلہ حسن ابدال پہنچ گیا، اور یوں احتجاجی قافلے منزل کی جانب رواں دواں ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب کی حدود میں قافلے داخل ہونے کے بعد حکمت عملی تبدیل کر لی اور ٹیکسلا پہنچنے والے ہزارہ ڈویژن کے قافلوں کو بذریعہ جی ٹی روڈ واپس موٹروے برہان ریسٹ ایریا پر پہنچ کر علی امین گنڈاپور کے قافلے میں شامل ہونے کی ہدایت کردی۔

مزید پڑھیں:  کرم میں ایک اور زخمی چل بسا،12روز میں اموات132ہو گئیں