اسرائیلی سفارت خانہ پرفائرنگ

اردن میں مسلح حملہ آورکی اسرائیلی سفارت خانہ پرفائرنگ

ویب ڈیسک: اردن میں مسلح حملہ آور نے اسرائیلی سفارت خانہ پرفائرنگ کر کے اسے نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اردن کے سفارت خانہ کے گرد معمول کی گشت پر مامور اہلکاروں نے بندوق بردار حملہ آور کو رکنے کا اشارہ کیا۔
مسلح شخص جو کہ اسرائیلی سفارت خانے پر حملے کی نیت سے وہاں موجود تھا، اس نے پولیس کے روکنے پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ 3 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے، جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔
اسرائیلی سفارت خانہ پرفائرنگ واقعہ کے بعد ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حملے میں عملہ محفوظ رہا، اردن پولیس نے کہا ہے کہ حملے کے وقت وہاں عملہ موجود نہیں تھا۔ حملہ آور کی لاش کا فرانزک ٹیسٹ کرایا جا رہا ہے، تاہم تاحال حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
فائرنگ کی آواز سنتے ہی مزید پولیس کی نفری طلب کر کے سفارت خانے کا محاصرہ کر لیا گیا۔ یاد رہے کہ7 اکتوبر 2023 سے جاری غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے بعد سے صیہونی ریاست کے مختلف ممالک کے سفارت خانوں پر حملوں میں اضافہ ہوا۔

مزید پڑھیں:  پاکستان سمیت دنیا بھر میں مٹی کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے