ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر پی ٹی آئی کے قافلے پنجاب کی حدود میں داخل ہوگئے۔ قافلے کی قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کر رہے ہیں۔ دوسری طرف پنجاب پولیس کی جانب سے عامر ڈوگر اور زین قریشی گرفتار کر لئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے چیف وہیپ عامر ڈوگر اور رہنما زین قریشی کو پنجاب پولیس نے گرفتار کرلیا، دونوں رہنماؤں کو قادرپوراں ٹول پلازہ ملتان سے حراست میں لیا گیا ہے۔اس کے علاوہ راولپنڈی پولیس نے امیدوار این اے 52 کرنل اجمل صابر راجہ اور ایم پی اے پی پی 11 کو گرفتار کرلیا۔
فیصل آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پولیس کا ایکشن جاری ہے اور اسلام آباد جانے کی کوشش کرنے والے 75 افراد گرفتار جبکہ 20 گاڑیوں کو ضبط کرلیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ریجن بھر میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر 595 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی جا چکی ہے،
قبل ازیں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب قافلے کی صورت میں ٹیکسلا پہنچے جہاں چیک پوسٹ پر پولیس کی جانب سے قافلے پر شیلنگ کی گئی، بعد ازاں پی ٹی آئی کارکنان کی پیش قدمی پر پولیس کو پیچھے ہٹنا پڑا۔
ہزارہ ہری پور سے عمر ایوب کی قیادت میں آنے والا بڑا قافلہ گانگو باہتڑ پر پولیس رکاوٹ کو عبور کرکے پنجاب کی حدود میں داخل ہو گیا جس میں کارکنان بڑی تعداد میں موجود ہیں۔
ادھر ٹیکسلا سے تیمور مسعود کی قیادت میں پی ٹی آئی کا قافلہ بھی عمر ایوب کے قافلے میں شامل ہوگیا۔ یاد رہے کہ دیگر پی ٹی آئی رہنماوں کیساتھ ساتھ پنجاب پولیس کی جانب سے عامر ڈوگر اور زین قریشی گرفتار کر لئے گئے ہیں۔
Load/Hide Comments