ویب ڈیسک: جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان و دیگر پر فردجرم کی کارروائی پھر مؤخر کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں سانحہ 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت اے ٹی سی جج امجد علی شاہ نے کی، دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل محمد فیصل ملک پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ راستوں کی بندش کی وجہ سے ملزمان کا عدالت میں پیش ہونا ممکن نہیں۔
بعدازاں عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان و دیگر پر فردجرم کی کارروائی 28 نومبر تک مؤخر کر دی جبکہ 9 مئی کے اس کیس میں فرد جرم کی کارروائی ملزمان کی عدم حاضری کے باعث ملتوی کی گئی۔
جڑواں شہروں سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں پی ٹی آئی احتجاج سے نمٹنے کے لیے راستوں کی بندش کی وجہ سے شاہ محمود قریشی کو بھی آج لاہور سے راولپنڈی عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا، اسی طرح شیخ رشید احمد و دیگر بھی عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔
Load/Hide Comments