ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ایپکس کمیٹی کے فیصلے کے تناظر میں صوبے میں دہشتگردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کرنے جارہے ہیں۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ لوگوں کو قتل کرنے والوں کے خلاف آپریشن کے سوا کوئی آپشن نہیں، آپریشن کی مخالفت کرنے والی سیاسی جماعتیں دہشتگردی کے خلاف حل بتائیں۔
انہوں نے کہا کہ 10سالہ مصور خان کے اغوا پر افسوس ہوا،کوئی بھی حکومت ہو وہ یہ نہیں چاہے گی کہ یہاں سے بچے اغوا ہوں، بچوں کو اغوا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک موقع ہے بلوچستان کے عوام کی خدمت کروں گا، انہوں نے وزیراعلیٰ کی تبدیلی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی نے بلوچستان میں دہشتگرد تنظیموں کے خلاف فوجی آپریشن کی منظوری دی تھی۔
Load/Hide Comments