ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بیلاروس کے صدر کا دورہ بڑی اہمیت کا حامل ، عوام نے انتشار کی سیاست کو مسترد کردیا ہے ۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے،پاکستانی عوام اور حکومت کی طرف سے الیگزینڈر لوکاشنکو کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مستقبل میں مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جائے گا، بیلاروس پاکستان کو بہت زیادہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، نواز شریف کے دور حکومت میں صدر الیگزینڈر لوکاشنکو کا دورہ بڑا سود مند رہا تھا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی عوام اور حکومت کی طرف سے ان کو خوش آمدید کہتے ہیں، اس دورے سے پاکستان معیشت پر بڑے مثبت نتائج مرتب ہوں گے، آج اسٹاک ایکسچینج ایک لاکھ کی تاریخی سطح کو عبور کر چکی ہے جو یہ ظاہر کرتی ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ دورہ سنگ میل ثابت ہوگا، لوگوں نے انتشار کی سیاست کو مسترد کیا ہے، عوام ترقی اور فلاح و بہبود کی سیاست کے ساتھ ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ملکی معیشت کے بہتر ہونے سے سرمایہ کاری اور ترقی میں اضافہ ہوگا، یہ سارے مثبت نتائج ہیں اور دوست ممالک کی طرف سے کئی ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی جس میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
Load/Hide Comments