بشریٰ بی بی کا انکار

بشریٰ بی بی کادھرنے کیلئے متبادل جگہ ماننے سے انکار

ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اسلام آباد میںدھرنے کے لئے متبادل جگہ ماننے سے انکار کیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بانی عمران خان کے ویڈیو پیغام پربشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور سے رابطہ کیا لیکن عمران خان کے احتجاج کیلئے متبادل جگہ کی حامی بھرنے کے باوجود بشریٰ بی بی نے ماننے سے انکار کردیا۔
ذرائع کے مطابق بشری بی بی نے موقف اپنایا کہ چند سازشی عناصر ڈی چوک کے بجائے دوسرے مقام پر ہمیں روکنا چاہتے ہیں عمران خان نے مجھے ہر صورت ڈی چوک جانے کا کہا ہے، ڈی چوک سے کم کسی بھی مذاکراتی فیصلے پر کارکنان راضی نہیں ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے مذاکراتی معاملات پر مکمل خاموشی اختیار کیے رکھی ہے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر بھی کوئی فیصلہ نہیں کر سکے۔
پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت دھرنے کیلئے حتمی مقام کا تعین کرنے میں ناکام نظر آتی ہے، مرکزی قیادت میں کوئی بھی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔
پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق علی امین نے کہا کہ کارکنان کو اسلام آباد حتمی مقام تک لے جانے کیلئے رابطہ کاری میں مشکل ہو رہی ہے۔
اس سے قبل بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں پی ٹی آئی وفد کی عمران خان سے دوسری ملاقات کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، بشری بی بی اور علی امین گنڈاپور سے ملاقات کیلئے روانہ ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخواکابینہ:ڈی چوک کے جاں بحق اور زخمیوں کیلئے پیکج کی منظوری