ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد آنے والے تمام راستے آج بھی بند جبکہ جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے ۔
وزارت داخلہ کی جانب سے مظاہرین کو آگے جانے سے روکنے کے لئے چائنہ چوک اور ڈی چوک پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے ۔
سیکرٹری داخلہ نے ڈی چوک کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا، کل دن بھر مختلف مقامات پر تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
کٹی پہاڑی پر پولیس سے مڈ بھیڑ ہوئی جہاں کارکن رکاوٹیں عبور کرکے آگے نکل گئے جب کہ پولیس نے کارکنوں پر شیلنگ بھی کی، ہکلہ انٹرچینج کے مقام پر کارکنوں نے سڑک کنارے جھاڑیوں کو آگ بھی لگائی۔
احتجاج کے باعث راولپنڈی اسلام آباد میں سڑکوں کی بندش ہے، اسلام آباد آنے والے تمام راستے بند ہیں اور میٹرو بس سروس معطل ہے جب کہ جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ کی فراہمی بھی جزوی معطل ہے۔
دوسری جانب لاہور شہر سے دیگر علاقوں کو جانے والے راستے بند لیکن شہر کے اندر معمولات زندگی رواں دواں ہے۔
Load/Hide Comments