ویب ڈیسک: وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں بلکہ ملک میں خونریزی چاہتا ہے،قانون نافذ کرنے والوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت اقدام ہے۔
سری ہائی وے پر رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو گاڑی سے کچلنے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نے واقعہ میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے حملے میں گاڑی سے کچلے گئے رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔
وزیر اعظم نے اپنے بیان میں حملے میں زخمی ہونے والے رینجرز و پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی ہے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ نام نہاد پر امن احتجاج کی آڑ میں پولیس و رینجرز کے اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں، انتشاری ٹولہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دانستہ طور پر نشانہ بنا رہا ہے، پولیس و رینجرز کے اہلکار شہر میں امن و امان کے نفاذ کیلئے مامور ہیں۔
وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ انتشاری ٹولے کے ہاتھوں سکیورٹی اہلکاروں کے خاندانوں کی زندگیاں تباہ کر دی گئیں، انتشاری ٹولہ گزشتہ روز پولیس اہلکار اور آج شہید کئے گئے رینجرز اہلکاروں کے معصوم بچوں و اہلِ خانہ کو جوابدہ ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں، خونریزی چاہتا ہے، یہ پر امن احتجاج نہیں شدت پسندی ہے، پاکستان کسی بھی انتشار اور خوں ریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
شہباز شریف نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ مذموم سیاسی مقاصد کے لئے خون ریزی نا قابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہے۔
Load/Hide Comments