غزہ میں طوفانی بارش

غزہ میں طوفانی بارش، بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات بڑھ گئیں

ویب ڈیسک: غزہ میں شدید بارش کے نتیجے میں بے گھر فلسطینیوں کے خیمے بہہ گئے ، شدید سردی میں مشکلات مزید بڑھ گئیں ۔
تفصیلات کے مطابق غزہ کی پٹی کے رہائشی جنگ کے باعث بے گھر ہونے کے بعد کئی ماہ سے خیموں میں پڑے تھے کہ گزشتہ روز کی طوفانی بارش نے انہیں ایک بار پھر بے خانماں کر دیا۔
گزشتہ رات شروع ہونے والی اس طوفانی بارش سے سخت سردی میں بے گھر پناہ گزیں ٹھٹھر کر رہ گئے، کئی جگہوں پر پلاسٹک کی شیٹس سے بنائے گئے خیموں کو طوفانی بارش نے مکمل اکھاڑ دیا۔
کئی مقامات پر کپڑے سے بنائے گئے خیمے بارش کی طوفانی قوت کا سامنا نہ کر سکے اور کئی جگہوں پر خیموں کے اندر تک پانی نے گھس کر پناہ گزینوں کا بچا کھچا سامان بھی بہا دیا۔
بتایا گیا ہے کہ طوفانی بارش کی زد میں آنے والے پناہ گزینوں میں سے کئی کے خیمے غزہ جنگ کے شروع سے لگے ہونے کے باعث اب بوسیدہ ہوچکے تھے جو اس بارش کے سامنے اچانک ڈھیر ہوگئے، تاہم ان خیموں کے رہنے والوں کے لیے نئے خیموں کا خریدنا تقریبا ناممکن ہے، کیونکہ خیموں کی قیمت بہت زیادہ ہو چکی ہے۔
طوفانی بارش سے متاثر ہونے والے چھ بچوں کی فلسطینی بے گھر ماں نے کہا خیمے تباہ ہونے کے بعد ایک سکول کے کلاس روم میں منتقل ہوئے ہیں مگر اس کے کلاس روم کی کھڑکیاں بھی ٹوٹی ہوئی ہیں، اپنے بچوں کے ساتھ بے گھری کا شکار یہ فلسطینی خاتون خان یونس کے علاقے میں موجود تھیں۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی ظلم اور بربریت جاری، مزید 48فلسطینی شہید