ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ کے پیچھے خفیہ ہاتھ ہے جو سارے فیصلے کررہی ہے ،آئی جی اسلام آباد کو مکمل اختیار دے دیا ہے کہ مظاہرین سے جیسے چاہیں نمٹیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہماری ترجیح ریڈ زون کا تحفظ ہے ،پی ٹی آئی کی پوری لیڈر شپ خون خرابہ نہیں چاہتی،گزشتہ روز ان سے مذاکرات میں طے ہو گیا تھا کہ وہ سنگجانی کے مقام پر احتجاج کریں گے تاہم ان کے پیچھے ایک خفیہ ہاتھ ہے جو حالات خراب کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنسو گیس کا ایک شیل ساڑھے 4 ہزار روپے میں آتا ہے اور خیبر پختونخوا حکومت نے آنسو گیس کے شیل فراہم کیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت بات کرنا چاہتی تھی لیکن وہ ایک چیز سب پر بھاری ہے پتہ نہیں اس نے پارٹی کو کب ٹیک اوور کرنا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ اسلام آباد کی سڑکوں پر کوئی تماشہ نہ بنے کیونکہ بیلاروس کے صدر اس وقت یہاں سے ایک کلومیٹر کی دوری پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آنسو گیس کے استعمال سے ملک کی بدنامی ہوتی ہے لیکن گزشتہ روز 3رینجرز اور ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں ۔
محسن نقوی نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کو اختیار دے دیا ہے کہ اب مظاہرین سے جیسے چاہیں نمٹیں ہم نہیں چاہتے کہ کوئی جانی نقصان ہو۔
Load/Hide Comments