ویب ڈیسک: انسداد دہشتگردی عدالت نے 28 ستمبر کے مقدمے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا 6روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
ذرائع کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف 28 ستمبر کو راولپنڈی میں احتجاج پر اکسانے کے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت عمران خان کے وکیل اور حکومتی پراسیکیوٹر نے دلائل پیش کئے۔
سماعت کے دوران پبلک پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے بانی پی ٹی آئی کے مزید 15 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔ بعد ازاں عدالت نے عمران خان کا 6روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالے کر دیا اور انہیں 2 دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی پر 28 ستمبر کو راولپنڈی میں احتجاج پر اکسانے کا مقدمہ درج ہے، جس میں اس سے قبل ان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی منظور کیا گیا تھا۔ چند دن قبل توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت ملنے کے بعد 28 ستمبر کیس میں عمران خان کی گرفتاری ڈالی گئی تھی۔
Load/Hide Comments