مذاکرات نہیں ہوں گے

اب ان لوگوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، وزیر داخلہ

ویب ڈیسک: وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں جو نقصان ہوا اس کی ذمہ دار ایک عورت ہے، اور اب جو صورتحال ہے اس میں اب ان لوگوں سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ محسن نقوی نے ڈی چوک پر وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کتنا پرامن ہے یہ سب دیکھ چکے ہیں، ان کی کوشش ہی یہ تھی کہ کسی طرح لاشیں گریں، اور اس میں انہیں کامیابی مل گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات تھیں کہ یہ علاقہ کلیئر رکھنا ہے، لیکن جو صورتحال اب ہے اس میں ان لوگوں سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ گولی چلانا آسان ہے، ایک چھٹّا ماریں یہ سب کلئیر ہو جائیں گے۔ لیکن یہ غریب کے بچے کو ڈھال بناتے ہیں، جس سے براہ راست نقصان عوام کا ہوتا ہے، یہ قاسم کو آگے لے کر آئیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے، کسی صورت ہم انہیں لاشیں نہیں دیں گے، ہم ان کے ہاتھوں میں نہیں کھیلیں گے۔ ریاست کی کوئی کمزوری نہیں، ڈی چوک سے جو لوگ گرفتار ہوئے ان کی اب ضمانتیں نہیں ہوں گی۔ عطاء تارڑ نے مزید بتایا کہ وقت آنے پر پی ٹی آئی پر پابندی کی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

مزید پڑھیں:  حکومت کی روس کے ساتھ خام تیل خریداری کے معاہدے کی تردید