ویب ڈیک: ڈیرہ غازی خان میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ پسپا کردیا گیا ۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی لکھانی پر رات گئے 25سے 30دہشت گردوں نے لکھائی چیک پوسٹ پر چاروں طرف سے حملہ کیا۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردوں نے راکٹ، ہینڈ گرنیڈ سمیت بھاری اسلحہ کا استعمال کیا،پولیس کے جانبازوں نے مشین اور مارٹر گنز سے فائرنگ کرکے فوری جوابی کارروائی کی۔
پولیس، ایلیٹ فورس، رینجرز اور سی ٹی ڈی نے نے مل کر خوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی سے خوارجی دہشت گرد بھاری نقصان اٹھا کر فرار ہونے پر مجبور ہوئے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی کمانڈ آر پی او ڈی جی خان کیپٹن سجاد حسن خان نے کی۔ خیبرپختونخوا بارڈر پر تمام چیک پوسٹس پہلے سے ہائی الرٹ تھیں جس کے باعث یہ حملہ ناکام بنایا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی سرحد لاکھانی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے حملہ پسپا کرنے پر پولیس افسران اور جوانوں کو شاباش دی۔
Load/Hide Comments