ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کا احتجاج ختم ہونے کے بعد جڑواں شہروں میں معمولات زندگی بحال جبکہ راستے بھی کھل گئے، کل جمعرات 28 نومبر سے اسکولز کھولنے کا اعلان کر دیا گیا۔
حالات معمول پر آنے کے بعد سرکاری اسکولز کے دفاتر بھی کھل گئے، اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی آج سے ہی حاضری شروع ہوگئی، اسلام آباد پولیس نے ڈی چوک سے جناح ایونیو پر فلیگ مارچ کیا۔
جیل سے ملزمان کی پیشی کے ساتھ عدالتوں میں مقدمات کی ریگولر سماعت شروع ہوجائے گی، ماتحت عدلیہ کے مطابق کل جمعرات 28 نومبر سے جو ملزمان حاضر نہیں ہوں گے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوں گے۔
گزشتہ 6 روز سے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کی عدالتوں میں ملزمان پیش نہیں کیے جا رہے تھے۔ ملزمان کے جیل سے پیش نا ہونے سے جڑواں شہروں میں چھ دن میں 24 ہزار کیسوں کی سماعت نہیں ہو سکی۔
حالات معمول پر آتے ہی کل جمعرات 28 نومبر سے اسکولز کھولنے کا اعلان کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق کل سے ضلع بھر کے تمام سرکاری و پرائیویٹ اسکولز کالجز کھلیں گے۔
پرائیویٹ اسکولز کی تینوں تنظیموں نے بھی کل سے اسکولز کھولنے کا اعلان کر دیا۔ صدر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مطابق کل سے تمام اسکولز کھول رہے ہیں۔
جمعے سے جاری امتحانات کا سلسلہ بھی شروع ہو جائے گا اور جمعرات سے ایجوکیشن بورڈ کے جاری پریکٹیکلز بھی معمول مطابق ہوں گے۔
ایم ون موٹروے اسلام آباد تا پشاور ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے جس کے بعد اسلام آباد سے پشاور کی گاڑیوں کی آمدورفت شروع ہوگئی۔
موٹروے ایم 2 کو لاہور اسلام آباد، موٹروے ایم 11 کو لاہور سیالکوٹ، موٹروے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں تا عبدالحکیم، موٹروے ایم 14 ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان اور موٹروے ایم 3 کو ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے کے مطابق موٹروے ایم 3 فیض پور سے عبدالحکیم، موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان اور موٹروے ایم 5 ملتان سے سکھر کو بھی کھول دیا گیا۔
Load/Hide Comments