عمران خان کی رہائی کا مطالبہ

ٹرمپ کے ایڈوائزر نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کردیا

ویب ڈیسک: نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایڈوائزر اور سابق ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس رچرڈ گرینیل نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے معتمد خاص رچرڈ گرینیل نے بلوم برگ کی ایک رپورٹ اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ عمران خان کو رہا کرو۔
سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے پر تحریک انصاف کے رہنما ذلفی بخاری نے سوشل میڈیا پر ہی رچرڈ گرینیل کا شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب سابق انٹیلی جنس چیف کے ساتھ ساتھ امریکی پارلیمنٹ کے متعدد ارکان نے بھی پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہروں اور انٹرنیٹ بندش پر تشویش کا اظہار کیا۔
کانگریس رکن راشدہ طلیب نے کہا کہ میں پاکستان کے بہادر عوام کے ساتھ کھڑی ہوں، جو بیدار ہیں اور تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
ایک اور کانگریس وومن باربرا لی جو انسانی حقوق کاکس کی شریک چیئر پرسن بھی ہیں نے بھی کہا کہ اظہارِ رائے اور پرامن احتجاج کی آزادی پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہونا چاہیے۔
رکن کانگریس رو کھنا کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ کی بندش، سڑکیں بلاک کرنے اور سیاسی کارکنوں کو حراست میں لینے کی اطلاعات پر گہری تشویش ہے،خاتون رکن سمرلی نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق پر کسی بھی طرح کا جبر قابل مذمت ہے۔
اسی طرح کانگریس رکن بریڈ شرمین نے بھی عمران خان کے حامیوں کے پرامن احتجاج کے حق کے احترام پر زور دیا،ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی مطالبہ کیا کہ پاکستانی حکومت احتجاج کرنے والوں کے حقوق کا احترام کرے۔

مزید پڑھیں:  پشاور کے بڑے ہسپتال ایل آر ایچ میں جدید سینٹرل سٹیریلائزیشن سسٹم کا افتتاح