بیلا روس کے صدر واپس روانہ

بیلا روس کے صدر اپنا سرکاری دورہ مکمل کرکے واپس روانہ

ویب ڈیسک: بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اپنا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہو گئے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چکلالہ ایئر بیس سے رخصت کیا ۔
دورے کے آخری روز مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف نے مری میں بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شنکو کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، وزیراعظم شہبازشریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعلی پنجاب مریم نوازو دیگر بھی شریک ہوئے ۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبوں پر کام کیا جاسکتا ہے جس سے دونوں ممالک اور ان کے عوام کو فائدہ مل سکتا ہے۔
دونوں قائدین نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
خیال رہے میاں محمد نوازشریف کے اہل خانہ بھی ظہرانے میں شریک ہوئے، ظہرانہ ذاتی حیثیت میں دیا گیا تھا، بیلا روس کے صدر نے محمد نوازشریف، وزیراعظم شہبازشریف کے ساتھ ماضی کی خوشگوار یادوں کا تبادلہ کیا۔
الیگزینڈر لوکاشنکو نے نواز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مئی 2015میں چھانگلہ گلی، مری آیا تھا، آپ اگست 2015میں بیلا روس تشریف لائے تھے، آپ سے ذاتی تعلق ہے، ناقابل فراموش خوشگوار یادیں وابستہ ہیں۔
بیلا روس کے صدر نے کہا کہ آپ سے ہمیشہ بھائی والا احترام ملا، آپ سے ملاقات کی بے حد خوشی ہے، وزیراعظم شہباز شریف بڑے جذبے اور رفتار سے پاکستان کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں، انہوں نے زراعت، زرعی مشینری، توانائی سمیت دیگر شعبوں میں بیلاروس کے تعاون کی پیشکش کی۔
نوازشریف نے اپنے دورہ بیلا روس کی یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں بیلاروس سے تعاون میں اضافہ ہوا، دونوں ممالک میں تجارت، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانا چاہیے۔

مزید پڑھیں:  بھارتی نژاد امریکی مشیر کا ہوٹل روز ویلٹ کے حوالے سے جانبدارانہ بیان