تحریک انصاف کے کئی رہنما روپوش

احتجاجی دھرنے کے بعد تحریک انصاف کے کئی رہنما روپوش

ویب ڈیسک: اسلام آباد میں احتجاجی دھرنے پر ہونے والے آپریشن کے بعد تحریک انصاف کے کئی رہنما روپوش ہو گئے ہیں، جبکہ کئی ممبران اسمبلی اور کابینہ پشاور پہنچ گئے ہیں۔ وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور بشری بی بی مانسہرہ پہنچے تھے، جہاں سے وہ پشاور آگئے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق 26 اور 27نومبر کی درمیانی شب جب آپریشن شروع ہونے والا تھا تو کئی اہم رہنما ڈی چوک سے نکل گئے۔ آپریشن کے دوران صرف کارکن موجود تھے جبکہ چند ارکان اسمبلی اور کابینہ بھی اس وقت احتجاج میں تھے، آپریشن کے بعد کئی کارکنوں نے اپنے زخمی کارکنوں کو ہسپتال پہنچانے میں مدد کی جبکہ کئی کارکن طبیعت خراب ہونے کے باعث وہاں سے نکل گئے۔
رات گئے جب آپریشن مکمل ہوا تو اطلاع موصول ہوئی کہ اٹک کے مقام پر ناکہ بندی کی گئی ہے، جہاں احتجاج سے واپس جانے والے افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ اطلاع پر ارکان اسمبلی، کابینہ اور پارٹی قائدین نے اسلام آباد میں قیام کیا اور اپنے موبائل فون بھی بند کر دئیے، کئی ممبران اسمبلی کے ساتھ رابطہ بھی نہیں ہو پا رہا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے پہلے اور دوران کئی اراکین اسمبلی و پی ٹی آئی رہنما وائی فائی کے ذریعے بھی وٹس ایپ سمیت دیگر سماجی رابطوں کی ایپلی کیشن پر آن لائن نہیں تھے۔ تحریک انصاف کے کئی رہنما روپوش ہو گئے ، اور ارکان اسمبلی بعداز وقتی روپوشی حالات معمول پر آنے کے بعد خیبر پختونخوا واپسی کا فیصلہ کریںگے۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق ان کا کئی کارکنوں کے ساتھ رابطہ بھی نہیں ہورہا جس کے باعث کارکنوں کے اہل خانہ فکر مند ہیں۔

مزید پڑھیں:  سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 1لاکھ 3ہزارپوائنٹس کی حدچھو گیا