ابھی تو ہم گئے ہی نہیں

ابھی تو ہم گئے ہی نہیں، تحریک جاری ہے، سردار لطیف کھوسہ

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینئر قانون دان سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ ابھی تو ہم گئے ہی نہیں، تحریک جاری ہے، ہم اسلام آباد بھی آئیں گے اور ہماری حکومت بھی ہو گی۔ سینئر قانون دان نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت گھٹنے ٹیک چکی تھی اور عمران خان کی رہائی پر تیار تھی، رکاوٹ تب آئی جب کہا گیا کہ رہا کردیں گے، بس ہمارا مطالبہ فوری رہائی کا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے معاملات خراب کر دیے، نہیں تو سب کچھ بہتر ہونے جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک ایسے ختم نہیں ہوتی کہ تشدد کر کےاٹھا لیا، ابھی تو ہم گئے ہی نہیں، تحریک جاری ہے، انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد بھی آئیں گے اور ہماری حکومت بھی ہوگی۔ اس سے کم پر تو سوچا بھی نہیں جا سکتا۔، یہ جو ہوا حکومتی بوکھلاہٹ کا بین ثبوت ہے۔
سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ بڑھکیں مارتے تھے کہ کوئی ڈی چوک آکر دکھائے، اتنے زیادہ ناکوں کے بعد بھی لوگ اسلام آباد پہنچے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گمراہ کن بیانات دینے سے گریز کیا جائے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے شہید کارکنوں کے اہلخانہ کو ایک ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کارکنوں کی شہادت پر ایف آئی آر درج کرائیں گے، کوشش ہو گی کہ ہم ایف آئی آر خیبرپختونخوا میں درج کرائیں، ہمیں علم ہے کہ اسلام آباد میں ہماری ایف آئی آر کوئی درج نہیں کرے گا۔

مزید پڑھیں:  پاکستان میں 88پولیو ورکرز کی شہادتوں کا انکشاف