عمران خان سے ملاقات کی اجازت

عمران خان سے جیل میں پارٹی رہنماؤں کو ملاقات کی اجازت نہ ملی

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کو اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات کی اجازت نہ ملی۔
تحریک انصاف جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے جیل حکام سے رابطہ کیا تاہم انہیں ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔
ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے بھی بانی پی ٹی آئی سے فوری ملاقات کرانے کے لئے سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو درخواست کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پچھلی تاریخ پہ مجھے مطلع کیا کہ انکے ساتھ پھر سے غیر انسانی سلوک کیا گیا۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ اس سے پہلے بھی میرے کلائنٹ کو قومی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قید تنہائی میں رکھا گیا، مجھے بانی پی ٹی آئی کی خیریت کے حوالے سے شدید تشویش ہے، لہذا فوری ملاقات کروائی جائے۔
جیل ذرائع کے مطانق ملاقاتیوں کو جواب دیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل کی تحویل میں نہیں بلکہ راولپنڈی پولیس کی حراست میں ہیں ان سے ملاقات کے خواہاں افراد راولپنڈی پولیس سے رابطہ کریں۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ عمران خان جسمانی ریمانڈ پر راولپنڈی پولیس کی حراست میں ہیں اور ان کے سیل کو راولپنڈی تھانہ نیوٹائون کا حصہ قرار دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:  طلبہ کو احتجاج پر اکسانے کاالزام ،پشاور کے تین اساتذہ کا تبادلہ کردیا گیا