گورنر خیبر پختونخو اور امیر مقام کی اہم بیٹھک

گورنر راج کی بازگشت،گورنر خیبر پختونخوا اور امیر مقام کی اہم بیٹھک

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی باز گشت کے دوران گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کے درمیان اہم بیٹھک ہوئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی باز گشت ہوئی جس پر کابینہ کی اکثریت نے گورنر راج کی حمایت کردی ہے ۔
اسی سلسلے میں آج گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر امیر مقام نے گورنر ہاؤس میں اہم ملاقات کی جس میں خیبر پختونخوا کی موجودہ سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
دونوں رہنماؤں نے ضلع کرم میں حالیہ افسوسناک واقعات میں قیمتی انسانوں کے جانوں کے ضیاع اور بدامنی کی صورتحال پر دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امن و امان کے قیام کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا ۔
گورنر نے صوبائی صدر مسلم لیگ نواز کو گورنر ہاؤس میں منعقد ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی ۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ کل جماعتی کانفرنس میں صوبائی سیاسی قیادت مل بیٹھ کر صوبہ میں دیرپا امن کیلئے قابل عمل تجاویز تیار کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کو اس طرح بدامنی کی آگ میں جھلستے ہوئے نہیں چھوڑ سکتے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے وفاقی حکومت سے بھی صوبہ میں دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے سنجیدہ و قابل عمل اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا: رواں سال دہشتگردی واقعات میں 142 پولیس اہلکار شہید ہوئے