لسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی

پاکستان کاایک بارپھر فلسطینی عوام کےساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ

ویب ڈیسک: فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان نے ایک بار پھر فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور بھر پور حمایت کا اعادہ کیا ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی عوام اسرائیل کی جانب سے منظم نسل کشی اور مظالم کو بہادری سے برداشت کررہے ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل اور فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے پاکستانی عوام اور حکومت کی حمایت کا اعادہ کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ 7اکتوبر 2023 کے بعد سے غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے یہ سال فلسطین کی تاریخ کا انتہائی تاریک سال رہا ہے۔ اسرائیل تاریخ کے گھناؤنے ترین مظالم ڈھاتے ہوئے اب تک 43000 معصوم فلسطینی مردوں، خواتین اور بچوں کا قتل عام کرچکا ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینی عوام اسرائیل کی جانب سے حملوں، منظم نسل کشی اور تشدد کی مہم کو بہادری سے برداشت کر رہے ہیں۔ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی صریحا خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہ کہ اسرائیل کی طرف سے بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے غزہ میں عالمی برادری کی جانب سے انسانی امداد کی کوششیں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں جس سے محصور آبادی کے مصائب میں شدت آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل چاہتا ہے، جس میں ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا گیا ہے جو 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل ہوگی اور جس کا دارالحکومت القدس شریف ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں ایک بار پھر پاکستانی عوام کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہوں۔ ہم امن، وقار اور حق خود ارادیت کے حصول کے لئے آپ کی جد و جہد میں آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور آرمی چیف جنرل عاصم مینر نے بھی فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل اور فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے پاکستانی عوام اور حکومت کی حمایت کا اعادہ کیا ۔
صدرآصف علی زرداری نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کی نسل کشی روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ فلسطین عوام کوپاکستانی قوم کی مکمل سفارتی اورسیاسی حمایت حاصل ہے۔ مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کیلئے اپنی بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے

مزید پڑھیں:  مدارس بل پر صدر مملکت کے اعتراضات حیران کن ہیں ،جے یو آئی